28 اگست ، 2012
اسلام آباد … وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کی سربراہی میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس کیلئے 4 رکنی کمیٹی قائم کردی۔ ترجمان وزیراعظم ہاوٴس کے مطابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف سے سابق امریکی اٹارنی جنرل رمزے کلارک اور ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی سے متعلق امور پر تبادلہٴ خیال کیا گیا۔ ترجمان وزیراعظم ہاوٴس کے مطابق وزیر خارجہ کی سربراہی میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کیس پر قائم کی گئی کمیٹی میں قانون، داخلہ اور انسانی حقوق کے وزراء شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق کمیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے کا مزید جائزہ لے گی۔ وزیراعظم نے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے احساسات کو انتہائی توجہ سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے میں ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔