پاکستان
28 اگست ، 2012

پیپلزپارٹی کی کوشش صوبے بنانا نہیں، حالات بگاڑنا ہے ،چوہدری نثار

پیپلزپارٹی کی کوشش صوبے بنانا نہیں، حالات بگاڑنا ہے ،چوہدری نثار

اسلام آباد … قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی کوشش صوبے بنانا نہیں، حالات بگاڑنا ہے، صدر آصف زرداری نے جس مسئلے میں ٹانگ اڑائی وہ سلجھنے کی بجائے مزید الجھا ہے۔ اسلام آباد سے جاری بیان میں چوہدری نثار نے کہا کہ مسلم لیگ ن نئے صوبوں کے قیام کیلئے قومی کمیشن کے حق میں ہے تاہم زرداری کمیشن کسی طور قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کے پریس سیکریٹری کس قانون اور آئین کے تحت پنجاب کی تقسیم کے طریقہ کار کا فیصلہ کریں گے، جو شخص خود خیبرپختونخوا سے تعلق رکھتا ہے وہ پنجاب کا فیصلہ کیسے کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی زرداری کی تابعداری میں اتنی دور نکل گئی ہے کہ اسے دوسرے صوبوں کی خود مختاری نظر نہیں آتی، صرف ڈاکٹر فاروق ستار نے سیاسی اور سنجیدہ رویہ اختیار کیا، باقی سب نے اپنے آقا کی زبان بولی ہے۔ چوہدری نثار نے کہا کہ زرداری کمیشن کا مقصد نئے صوبے بنانا نہیں اسے سیاسی نعرہ بنانا ہے، پیپلزپارٹی جانتی ہے کہ مسلم لیگ ن کی حمایت کے بغیر کوئی نیا صوبہ نہیں بن سکتا۔

مزید خبریں :