28 اگست ، 2012
ڈیرہ غازی خان … ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے میں ایک شخص نے الزا م عائد کیا ہے کہ اس کی بیٹی کو سسرالیوں نے زہر دے کر قتل کردیا، سسر کا کہنا ہے کہ بہو نے خودکشی کی ہے۔ ڈیرہ غازی خان کے قبائلی علاقے وادی چنالہ کے رہائشی اللہ بخش نے بتایا کہ اس کی 15 سالہ بیٹی بانو کی شادی 2ماہ قبل 22 سالہ محبت خان سے ہوئی تھی۔ اللہ بخش نے الزام عائد کیا ہے کہ شادی کے بعد سے ہی بانو کے سسرال والے اس پر کام کا بوجھ ڈالتے تھے اور کام نہ کرنے پر تشدد کا نشانہ بناتے تھے، تاہم آج انہوں نے ان کی بیٹی کے ہاتھ پاوٴں باندھ کر اسے زہر دے دیا، جس سے بانو کی حالت غیر ہوگئی، تشویش ناک حالت میں تونسہ اسپتال لے جایا جارہا تھا کہ اس نے راستے میں دم توڑ دیا۔ دوسری طرف بانو کے سسر کا کہنا ہے کہ ان کی بہو نے خود زہر کھاکر خودکشی کی ہے۔ بارڈر ملٹری پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں کہ یہ خودکشی ہے یا پھر قتل کیا گیا ہے۔