Geo News
Geo News

Time 26 اپریل ، 2020
پاکستان

ملک میں کورونا سے مزید 12 افراد جاں بحق، ہلاکتیں 277 اور مریضوں کی تعداد 13318 ہوگئی


کورونا وائرس سے مزید 12 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 277 ہو گئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 13318 تک جا پہنچی ہے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 98 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ پنجاب اور سندھ میں 81، 81، بلوچستان میں 11، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں تین، تین افراد اس مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔

کُل ٹیسٹ: 144،365
صحتیاب مریض: 
2866 (کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق)


آج کے کیسز کی صورتحال

اتوار کے روز 12 اموات اور 660 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس میں سے خیبرپختونخوا میں 71 کیسز اور 5 اموات، سندھ میں 383 کیسز اور 3 ہلاکتیں جبکہ پنجاب میں 120 کیسز اور 3 اموات رپورٹ ہوئیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں بھی 60  نئے کیسز اور ایک ہلاکت جبکہ اسلام آباد میں 12 نئے کیسز، گلگت بلتستان میں 10 اور آزاد کشمیر میں 4 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

سندھ

صوبے میں اتوار کو مزید 383 کیسز اور 3 اموات رپورٹ ہوئیں جس کی تصدیق سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کے ذریعے کی۔

مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد سندھ میں مریضوں کی تعداد 4615 ہو گئی ہے جب کہ تین اموات کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 81 ہو گئی ہے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 70 مزید افراد صحت یاب ہوئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والے افراد کی تعداد 872 ہو گئی ہے۔


پنجاب

پنجاب سے اتوار کو کورونا وائرس کے مزید 120 کیسز اور 3 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کے بعد صوبے میں مریضوں کی تعداد 5446 اور ہلاکتیں 81 ہو گئی ہیں۔

ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں اب تک کورونا وائرس سے متاثرہ 1183 افراد صحت یاب  ہوچکے ہیں جب کہ 22 مریضوں کی حالت  تشویشناک ہے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت میں اتوار کو کورونا وائرس کے مزید 12 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل پر کی گئی ہے۔

نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 235 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں اب تک وائرس سے 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بلوچستان

بلوچستان میں اتوار کو کورونا سے مزید ایک ہلاکت کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد  صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی۔

صوبائی حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 60 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 781 تک جاپہنچی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا کے 177مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبر پختونخوا میں اتوار کو مزید 5 افراد کورونا وائرس کا شکار بن گئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 98 ہوگئی۔

صوبائی وزارت صحت کے مطابق پشاور میں 4 اور سوات میں ایک شخص کورونا سے جاں بحق ہوا۔ 

دوسری جانب گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں مزید 71 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مجموعی کیسز 1864 ہوگئے ہیں۔

خیبرپختونخوا میں اب تک 515 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں اتوار کو مزید 10 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 318 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق نئے کیسز میں سے 6 گلگت، 3 استور اور ایک دیامیر میں رپورٹ ہوا جبکہ مزید 3 افراد صحت یاب ہونے کے بعد اب تک 219 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 4 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 59 ہوگئی۔

’پاکستان میں جولائی تک کورونا مریضوں کی تعداد 2 لاکھ ہوسکتی ہے‘

عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ ڈاکٹر ٹیڈروس ادھانوم گھیبریوسس نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں مزید مؤثر اقدامات نہ کیے گئے تو جولائی کے وسط تک کورونا مریضوں کی تعداد 2 لاکھ تک پہنچ سکتی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

ملک گیر جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع

وفاقی حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے ملک بھر میں نافذ جزوی لاک ڈاؤن میں 9 مئی تک توسیع کر دی۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا کے حوالے سے 15 دن اہم ہیں: ڈی جی آئی ایس پی آر

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے حوالے سے آئندہ 15 روز بہت اہم ہیں لہذا عوام گھروں میں رہیں اور اسے ہی عبادت گاہ بنا لیں۔ مزید پڑھیں۔۔

خواتین ڈاکٹرز عوام سے احتیاط کی اپیل کرتے ہوئے روپڑیں

کرونا وائرس کے حوالے سے کراچی پریس کلب میں خواتین ڈاکٹرز عوام سے احتیاط کی اپیل کرتے ہوئے روپڑیں۔ مزید پڑھیں۔۔

رمضان سے مسافر ٹرینوں کی بحالی ایک بار پھر مؤخر

ملک میں کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کی وجہ سے مسافر ٹرینوں کی یکم رمضان سے بحالی ایک بار پھر مؤخر کردی گئی ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

سرحدیں 30 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ

وزارت داخلہ نےکورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر تمام سرحدیں مزید 2 ہفتے تک بند رکھنے کا اعلان کردیا۔ مزید پڑھیں۔۔

پروازوں پر عائد پابندی میں 15 مئی تک توسیع

سول ایوی ایشن نے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی میں توسیع 30 اپریل سے بڑھا کر 15 مئی تک کر دی ہے۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پابندی میں توسیع کا نوٹم بھی جاری کردیا ہے۔ مزید پڑھیں۔۔

کورونا سے مرنے والوں کی تدفین کیلیے گائیڈ لائنز

عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس کے باعث مرنے والوں کی تدفین کے لیے گائیڈ لائنز جاری کر دیں جس میں کہا گیا ہےکہ کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تدفین میں احتیاط انتہائی ضروری ہے۔

گائیڈ لائنز کے مطابق خاندان کے افراد اور دوست ایک میٹر کے فاصلے سے جنازے کو دیکھ سکتے ہیں لیکن لاش کو ہاتھ نہیں لگا سکتے نہ ہی چوم سکتے ہیں۔ مزید پڑھیں۔۔