30 اگست ، 2012
اسلام آباد…سندھ ، شمال مشرقی بلوچستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے،کراچی اور حیدرآباد میں بھی مزید بارش کا امکان ہے۔جمعرات کے روز سندھ کے بیشتر علاقوں میں دن کو شدید گرمی اور حبس رہی تاہم شام ہوتے ہی حیدرآباد میں تیز آندھی کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی تو لوگوں نے سکھ کا سانس لیا،جامشورو، ٹنڈومحمد خان، ٹنڈو آدم اور نواب شاہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی تو لوگ خوشی سے جھوم اٹھے،ٹھٹھہ، مکلی اور گھارو میں دوسرے روز بھی بادل جم کر برسے گرمی کا زور ٹوٹ گیا تاہم نشیبی علاقے زیر آب آگئے ،بارکھان، رکھنی اور ژوب کے پہاڑی علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ تیسرے روز بھی وقفے وقفے سے جاری ہے،ایبٹ آباد، گلیات ، مری اور کوٹلی آزاد کشمیر میں بارش کے بعد موسم خوش گوار ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مری میں سب سے زیادہ 24 ملی میٹر بارش رکارڈ کی گئی،ایبٹ آباد میں 13، کراچی 12، بدین 11، میرپورخاص 10، کوٹلی 6 جبکہ راولہ کوٹ میں 4 ملی میٹر بارش ہوئی،محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران کراچی، حیدرآباد، لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن کے علاوہ کشمیر میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔