پاکستان
30 اگست ، 2012

وزیراعلیٰ سندھ کی 31دسمبر تک ترقیاتی اسکیمیں مکمل کرنے کی ہدایت

کراچی…وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے 31دسمبر تک تمام ترقیاتی اسکیمیں مکمل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے صوبے میں ترقیاتی کاموں کی نگرانی کے لئے ماہرین پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دیا ہے۔ انھوں نے یہ بات وزیر اعلیٰ ہاوٴس کراچی میں ترجیحاتی سالانہ ترقیاتی اسکیموں کے لئے فنڈزکے اجراء کے سلسلے میں محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے اجلاس کے دوران کہی۔سید قائم علی شاہ نے کہا کہ ترقیاتی کام کے معیار کو یقینی بنایا جائے اور فزیبلٹی اور لاگت کے مرحلے کو میرٹ پر مکمل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر معیاری ترقیاتی کام کی شکایتیں موصول ہوئی ہیں جس میں ناقص مٹیریل استعمال کیا گیا ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ منصوبہ بندی وترقیات کے افسران کو ضلعی ہیڈ کواٹرزاسپتالوں ، اہم سڑکوں ، صحت و تعلیم کے منصوبوں ، لیاری ، کیماڑی اور ملیر کے اسپیشل ترقیاتی پیکیجز سمیت عوامی بھلائی کے دیگر منصوبوں کو جلد سے جلد مکمل کرنے کے احکامات دئیے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کے لئے دو بلین روپے کی منظوری دی گئی ہے جس میں سے 800ملین روپے لیاری پیکیج کے تحت سڑکوں ،نکاسی آب اور پارکوں کی تعمیر پر خرچ کئے جائیں گے400ملین روپے لیاری میڈیکل کالج،400ملین روپے لیاری میں معاشی ریلیف پر، 100ملین روپے لیاری یونیورسٹی ، 60ملین روپے شہید ذوالفقار علی بھٹو لاء کالج جبکہ 50ملین روپے بیگم نصرت بھٹو ویلفئیر اسکیم کے زمرے میں خرچ کئے جائیں گے۔

مزید خبریں :