30 اگست ، 2012
کراچی…گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور جامعات میں تحقیق و تدریس کی سہولتوں کو بین الاقوامی معیارسے ہم آہنگ کرنے میں قابل تحسین پیش رفت ہوئی ہے۔ انہوں نییہ بات گورنر ہاوٴس کراچی میں یونیورسٹی آف اسٹریتھلائڈ (STRATHCLYDE) گلاسگو برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم کے لئے جانے والے مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ جامشورو کے فیکلٹی اراکین سے گفت گو میں کہی۔ڈاکٹر عشرت العباد نے مہران یونیورسٹی میں درس و تحقیق کی سرگرمیوں میں اضافے کے ساتھ بین الاقوامی اداروں سے رابطوں پر وائس چانسلر ڈاکٹر قدیر راجپوت کی کاوشوں کو بھی سراہا۔اس موقع پر وائس چانسلر نے بتایا کہ یو ایس ایڈ نے 12 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی گرانٹ سے پاکستان کی تین جامعات کے مختلف شعبوں میں مراکز کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت مہران یونیورسٹی میں " سینٹر فار ایڈوانس مینجمنٹ ان واٹر" کھولنے کی منظوری دی گئی ہے۔