Time 06 مئی ، 2020
کھیل

شارجہ: عمارت میں آتشزدگی سے متاثر ہونیوالوں میں پاکستانی کراٹیکا سعدی عباس بھی شامل

سعدی عباس کے مطابق وہ اور ان کی اہلیہ خیریت سے ہیں تاہم اپارٹمنٹ متاثر ہوا ہے،فوٹو:فائل

شارجہ میں 48 منزلہ رہائشی عمارت میں آتشزدگی سے متاثر ہونے والوں میں پاکستانی کراٹیکا سعدی عباس بھی شامل ہیں۔

پاکستان کے ٹاپ کراٹے  کھلاڑی سعدی عباس نے جیو نیوز سے گفتگو  کرتے ہوئے بتایا کہ وہ متاثرہ بلڈنگ کی 38 ویں منزل پر رہائش پذیر تھے۔

سعدی عباس کے مطابق وہ اور ان کی اہلیہ خیریت سے ہیں تاہم اپارٹمنٹ متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ رات کے وقت جیسے ہی الارم بجا ہم  فلیٹ سے باہر آگئے تھے، جس کے بعد پولیس نے رات ہوٹل میں ٹھہرایا،کلیئرنس ملے گی توواپس جاکر حالات دیکھیں گے۔

خیال رہے کہ سعدی عباس  کراٹے کے عالمی مقابلوں میں 16 گولڈ میڈلز حاصل کرچکے ہیں جس میں دو مرتبہ کامن ویلتھ چیمپئن شپ، ایک ایشین کراٹے چیمپئن شپ، دو ساؤتھ ایشین گیمز اور چار مرتبہ ساؤتھ ایشین چیمپئن شپ کے گولڈ میڈلز شامل ہیں۔

واضح رہے کہ  گذشتہ رات شارجہ میں واقع ایک رہائشی عمارت ابکو ٹاور میں  اچانک آگ بھڑک اٹھی تھی جس نے کئی منزلوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تھا جب کہ آتشزدگی کے نتیجے میں  متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں۔

عرب میڈیا  کے مطابق بلڈنگ میں آتشزدگی کی اطلاع ملنے پر فائر فائٹرز کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی تھی اور چند گھنٹوں کے بعد آگ پر قابو پالیا جب کہ آتشزدگی کی وجہ سے قریب موجود 5 سے زائد دیگر عمارتوں کو بھی خالی کرالیا گیا۔

عرب میڈیا کے مطابق حکام کی جانب سے فی الحال آگ لگنے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی ہے۔

مزید خبریں :