کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑتے طبی عملے کو قوم کا خراج تحسین

ملک بھر میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والے طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا اور ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملے کی سلامتی، صحت یابی اور کورونا کے خلاف کامیابی کے لیے دعائیں بھی کیں۔

ملک بھر کے اسپتالوں میں کرونا کی وبا کے دوران اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر ڈاکٹرز اور اسپتالوں کا عملہ شہریوں کی جانیں بچانے میں مصروف عمل ہے جسے خراج تحسین پیش کرنے کے لیے جیو نیوز نے بھی 'ڈاکٹرز تجھے سلام' کی تھیم پر خصوصی ٹرانسمیشن پیش کی۔

وفاقی پولیس کے چاق و چوبند دستے نے پمز اسپتال کے سامنے سلامی پیش کی جس کے بعد ڈاکٹرز، نرسز ، اسپتالوں کا انتظامی عملہ، سکیورٹی اور سینٹری سٹاف کو وبا کے باوجود خدمات انجام دینے پر سلام پیش کیا گیا۔

طبی عملے کی خدمات کے اعتراف میں شہریوں نے گھروں، بالکونیوں اورگاڑیوں پر سفید پرچم لہرا ئے جب کہ کئی مقامات پرگانے گا کراورتالیاں بجا کو ڈاکٹروں اور طبی عملے کوخراج تحسین پیش کیا گیا۔

میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا کہ اسپتالوں کا عملہ اس خطرناک وبا میں جان کی پرواہ کیے بنا مریضوں کی دیکھ بھال کرنا ڈاکٹرز اور عملے کی پیش وارانہ لگن کی مثال ہے۔

وفاقی دارالحکومت کے سرکاری اسپتالوں کا عملہ بھی کرونا سے متاثر ہو رہا ہے اب تک 11 سے زائد ڈاکٹرز اور تقریبا 30 پیرامیڈیکل اور دیگر عملے کے اہلکار کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں اس کے باوجود شہریوں کی صحت اور جان کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اسپتالوں کا عملہ دن رات اپنی ڈیوٹی پر موجود ہے۔

پشاور کے سروسزاسپتال میں بھی پولیس اہلکاروں نے ڈاکٹرز اورطبی عملے کوزبردست سلامی پیش کی جب کہ سیاست دانوں، صنعت کاروں اور علما نے بھی کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹروں کو خراج تحسین پیش کیا۔

لاہور میں بھی مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے کورونا کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والے طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملے کی سلامتی، صحت یابی اور کورونا کے خلاف کامیابی کے لیے دعائیں بھی کی گئیں۔

سروسز اسپتال میں گرینڈ ہیلتھ الائنس نے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا جب کہ کینال روڈ پر ایک نجی اسپتال کے باہر اسکاؤٹس نے سفید جھنڈے لہرائے اور کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن طبی عملے کو خراج تحسین پیش کیا۔

شہر میں مختلف فیملیز نے بھی کورونا کے خلاف طبی عملے کی خدمات کو سراہا، اور ان کے لیے دعا کی۔

ملتان، فیصل آباد اور کوئٹہ سمیت دیگر شہروں میں بھی ڈاکٹرز اور طبی عملے کی خدمات کے اعتراف میں سفید جھنڈے لہرائے گئے اور انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔

کوئٹہ میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملےکو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے مقامی مصوروں نے مختلف پینٹگز کے ذریعے ان کی خدمات کو اجاگر کیا اور اپنے انداز میں خراج تحسین پیش کیا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث ڈاکٹروں سمیت اور پیرا میڈیکل اسٹاف کے متعدد افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں جب کہ 4 ڈاکٹر کورونا کے باعث لقمہ اجل بھی بن چکے ہیں۔

مزید خبریں :