01 ستمبر ، 2012
کراچی…گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا ہے کہ پاکستان سب کے ساتھ دوستی ، محبت اور امن چاہتا ہے۔پاکستان اور بھارت کے عوام امن و آشتی سے رہنا چاہتے ہیں۔ صومالی قزاقوں سے رہائی پانے والے بھارتی باشندوں کی بیگمات کی اظہار تشکر کیلئے پاکستان آنا خطے کو پر امن بنانے والی کوششوں میں امید کا باعث بنے گا۔ انہوں نے یہ بات گورنر ہاوٴس کراچی میں بھارت سے آنے والی مدھو شرما اور سمپا آریا کے اعزاز میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سند ھ کے وزراء پیر مظہر الحق ، ڈاکٹر محمد علی شاہ، سینیٹر عبدالحسیب خان، سماجی کارکن انصار برنی ، سی پی ایل سی کے چیف احمد چنائے بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ ہم نے اغوا ہونے والوں کی بازیابی کے لئے انسانیت کی بنیاد پر جدو جہد کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دوستانہ تعلقات کا فروغ چاہتا ہے۔ بھارتی خواتین کا اظہار تشکر کے لئے پاکستان آنا باعث مسرت ہے اس طرح کے رویہ تعلقات میں بہتری اور امن کے فروغ میں مدد گار ثابت ہوں گے۔ رہائی پانے والے بھارتی روپ سندر سنگھ کی اہلیہ سمپا آریا نے کہا کہ تاریخ میں امن کے حوالے سے بڑا موڑ آنے والا ہے بھارتی امن کے پجاری ہیں۔ نفرتوں کو مٹا کر محبت کو پروان چڑھا نا ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے پاک بھارت دوستی کے حوالے سے خواہش کو منظم انداز میں پیش کیا۔ جبکہ این کے شرما کی اہلیہ مدھو شرما نے کہا کہ انہیں بچپن سے پاکستان دیکھنے کا شوق تھا مگر اس طرح آنے کا تصور نہیں کیا تھا۔