04 جون ، 2025
چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہےکہ چین پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات کے فروغ میں مدد جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔
ایک بیان میں ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان، افغانستان کے اپنے سفارتی مشن کو سفیر کی سطح تک کرنےکا خیرمقدم کرتے ہیں، یقین ہے اس اقدام سے دونوں ممالک کے تعاون اور باہمی اعتماد میں اضافہ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنے میں مدد ملےگی۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ پاک افغان تعلقات کے فروغ میں مدد جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں۔ دونوں ممالک سہ فریقی وزرائے خارجہ ملاقات کے نتائج پر عملدرآمد کر رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چین پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کی بہتری و ترقی کے لیے تعمیری کردار ادا کرتا رہےگا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ چین علاقائی ممالک کے ساتھ مل کر خطے میں امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے تیار ہے، چین ہمسایہ ممالک کے درمیان مشترکہ مستقبل کی حامل کمیونٹی کی تشکیل پر کام کے لیے تیار ہے۔