پاکستان
01 ستمبر ، 2012

قومی مفاد میں لوڈ شیڈنگ برداشت کررہے ہیں،افراسیاب خٹک

 قومی مفاد میں لوڈ شیڈنگ برداشت کررہے ہیں،افراسیاب خٹک

پشاور…عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختون خوا کے صدر افراسیاب خٹک نے کہا ہے کہ قومی مفاد میں لوڈ شیڈنگ برداشت کی جا رہی ہے تاہم صوبے میں ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جا ئے گی۔پشاور میں اے این پی کے صوبائی صدر افراسیاب خٹک کی صدارت میں پارٹی کی صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں بجلی کی پیداوار اور تقسیم کا نظام صوبوں کے حوالے کرنے سے متعلق صوبائی اسمبلی سے قرار داد کی منظوری پر حکومت اور تمام سیاسی جماعتوں کو مبارک باد پیش کی گئی اور کہا گیا کہ انرجی کانفرنس کا بائیکاٹ کرنیوالی سیاسی جماعتوں نے بجلی کی پیداوار اور تقسیم کا نظام صوبوں کے حوالے کرنے کے حق میں ووٹ دے کر اپنی سیاسی غلطی ثابت کی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افراسیاب خٹک نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ اور سستی بجلی پیدا ہوتی ہے اس لیے یہاں لوڈ شیڈنگ کا کوئی جواز نہیں بنتا۔ انھوں نے مزید کہا کہ 18ویں ترمیم کے تحت صوبوں کوجو وزارتیں منتقل کی گئیں ان پر عملی اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

مزید خبریں :