02 ستمبر ، 2012
کراچی… کراچی میں فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں پولیس اہلکار سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے، جبکہ کینٹ اسٹیشن کے قریب واقع ہوٹل کے کمرے سے ایک شخص کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس کے مطابق برنس روڈ کے علاقے میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 22 سالہ فہد نامی شخص کو قتل کردیا،جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں محمد شفیع نامی شخص زخمی ہوا،پولیس نے جائے وقوعہ سے ایک موٹر سائیکل بھی تحویل میں لے لی ہے۔ نیٹی جیٹی پل کے قریب فائرنگ سے 30 سالہ یونس ہلاک ہوگیا،سہراب گوٹھ پل کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی،قصبہ کالونی کے علاقے میں مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے گھر کے باہر کھڑے ہوئے شخص کو فائرنگ کرکے قتل کردیا،مقتول کی شناخت 28 سالہ محمد شفیق کے نام سے ہوئی ہے۔ ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ویسٹ عامر فاروقی کے مطابق مقتول پولیس اہلکار تھا اور ٹریننگ پر تھا جو آوٴٹ پاس کے ذریعے چھٹی پر آیا ہوا تھا ،انھوں نے بتایا کہ حملہ آور موٹر سائیکل پر سوار تھے، اور فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ کینٹ ریلوے اسٹیشن کے قریب واقع ہوٹل کے کمرہ نمبر 117 سے ایک شخص کی لاش ملی،مرنے والے شخص نے ہوٹل کے ری سیپشن پر اپنا نام بھی غلط لکھ وایا ہوا تھا،پولیس کے مطابق مرنے والے شخص کی شناخت 48 سالہ سید تقی رضا کے نام سے ہوئی،ادھر مچھر کالونی کے علاقے میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا،بلدیہ ٹاوٴن میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔