پاکستان

کورونا کے باعث کے پی کا سرکاری ہیلی کاپٹر اور 3 ٹیکنیشنز روس میں پھنس گئے

کورونا وائرس کی وجہ سے صوبہ خیبرپختونخوا کا سرکاری ہیلی کاپٹر اور 3 ٹیکنیشنز روس میں پھنس گئے۔

ذرائع کے مطابق ہیلی کاپٹر واپس لانے والے 3 پائلٹس کے روسی ویزوں کی مدت ختم ہوگئی ہے اور  ویزے ایکسپائر ہونے پر پائلٹس ہیلی کاپٹر واپس لانے کے لیے روس نہیں جاسکے۔

جون 2019 میں ہیلی کاپٹر اوورہالنگ کے لیے روس بھیجا گیا تھا، ہیلی کاپٹر کی اوورہالنگ 9 سال مکمل ہونے پر کی گئی۔

دوسری جانب ڈی جی ایوی ایشن خیبرپختونخوا محمد امین نے جیونیوز سے بات چیت میں بتایا کہ کورونا کے باعث تین پائلٹس کے روسی ویزے ایکسپائر ہوگئے ہیں جن کے ویزوں کے لیے دوبارہ اپلائی کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث بین الاقومی پروازوں کی بندش پر پائلٹس کے ویزے ایکسپائر ہوئے اور ہیلی کاپٹر کی اوور ہالنگ پر 17 لاکھ ڈالر خرچ ہوئے۔ 

ان کا کہناتھا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر کم لاگت میں معیاری کمپنی سے اوورہالنگ کرائی گئی جبکہ وزیراعلیٰ بہت ضروری نوعیت کے کاموں کے لیے ہیلی کاپٹر استعمال کرتے ہیں۔

مزید خبریں :