02 ستمبر ، 2012
اسکردو…تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نااہل اور کمزور حکمران عام لوگوں کو تحفظ دینے میں ناکام ہوگئے ہیں۔ ہزارہ اور گلگت بلتستان میں شیعہ کمیونٹی کے قتل عام پر پوری قوم تکلیف میں ہے حکومت اگر تحفظ نہیں دے سکتی تو استعفٰی دیں۔عمران خان نے ان خیالات کا اظہارا سکردو میں تحریک انصاف سیکرٹریٹ کے افتتاح کے موقع پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں تبدیلی کا انقلاب آرہا ہے اور ایک نیا پاکستان بننے والا ہے۔ پاکستانی عوام نااہل کرپٹ اور کمزور حکمرانوں سے تنگ آچکی ہے۔ عمران خان نے اسکردو میں مختلف مکاتب فکر کی مساجد میں جاکر علماء کرام سے ملاقات کی اور اتحاد امت کو قائم رکھنے کیلئے اسلامی رواداری کو فروغ دینے پر زور دیا۔اس موقع پر عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک فرقہ کے لوگوں کے قتل عام پر حکومتی خاموشی افسوس ناک ہے ، چیف جسٹس سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ کوئٹہ ،سانحہ بابو سر اور سانحہ کوہستان پر سو موٹو ایکشن لیں۔