پاکستان
03 ستمبر ، 2012

امریکی مسلم مغرب سے دوریاں ختم کرنے میں مددگار رہے، شیری رحمان

امریکی مسلم مغرب سے دوریاں ختم کرنے میں مددگار رہے، شیری رحمان

واشنگٹن … امریکا میں پاکستان کی سفیر شیری رحمان نے کہا ہے کہ امریکا میں مقیم مسلمان، مغرب اور مسلم دنیا کے درمیان دوری کو ختم کرنے میں مددگار رہے ہیں۔ اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا کے زیراہتمام ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے کہا کہ امریکی مسلمان مختلف مذاہب کے افراد کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں اور دنیا میں امن کیلئے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ موجودہ حالات میں اسلام کے بارے میں غلط تاثر پایا جاتا ہے جس کی وجہ سے بعض اوقات مغرب میں مقیم مسلمان مشکلات کا شکار ہوتے ہیں لیکن یہ تاثر مسلمان برادری مل کر ہی ختم کر سکتی ہے۔ اسنا کے اس سالانہ کنونشن سے دیگر مسلم ریاستوں کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔ اسلامک سوسائٹی آف نارتھ امریکا کا 49 سالانہ اجلاس واشنگٹن ڈی سی کے کنونشن سینٹرمیں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ہزاروں مسلم افراد نے شرکت کی، ان میں سے زیادہ تر امریکا کی مختلف ریاستوں سے آئے تھے جبکہ کینیڈا اور یورپ سے بھی مسلمان خواتین و حضرات خصوصی طور پر یہاں پہنچے۔ 4روز تک جاری رہنے والے اس کنونشن کا موضوع مغرب میں مقیم مسلم برادری کے حالات پر بحث، ان کو درپیش مسائل اور ان کے حل کی طرف توجہ دلوانا ہوتا ہے۔ شرکاء کیلئے نماز کی ادائیگی کا خصوصی بندوبست کیا گیا تھا جبکہ کھانے پینے اور خریداری کیلئے فوڈ اور شاپنگ بازار کا بھی انتظام تھا۔ اجلاس کے مختلف سیشنز رکھے گئے جس سے اسلامی دنیا کے جانے پہچانے افراد نے خطاب کیا، جن میں مسلم امہ کے اتحاد کیلئے اقدامات اور مغرب کے ساتھ تعلقات میں بہتری کیلئے تجاویز پیش کی گئیں۔

مزید خبریں :