15 جون ، 2020
اسلام آباد میں تیز رفتار گاڑی کی ٹکر سے شہری کو زخمی کر کے فرار ہونے والے بھارتی ہائی کمیشن کے 2 اہلکاروں کو پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد رہا کردیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کے زیر حراست اہلکاروں کو رہا کردیا گیا ہے، بھارتی سفارتی عملے کےاراکین کو سفارتی استثنیٰ حاصل ہونے کی وجہ سے رہا کیا گیا۔
پولیس کے مطابق پاکستانی وزارت خارجہ کے حکام کی موجودگی میں بھارتی ہائی کمیشن کےاہلکاروں کو رہا کیا گیا۔ آج صبح بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کی گاڑی نے شہری کو کچل دیا تھا جس کے بعد پولیس نے دونوں اہلکاروں کوحراست میں لےکرمقدمہ درج کیاتھا۔
تھانہ سیکرٹریٹ میں دونوں اہلکاروں کیخلاف غفلت، لاپرواہی سے ڈرائیونگ کی دفعات کےتحت مقدمہ درج کیاگیا۔ ایف آئی آر کے مطابق بھارتی اہلکاروں سلوا دیس پال اور داوا موبراہمو سے جعلی کرنسی بھی برآمد ہوئی۔
خیال رہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کے دو اہلکار صبح کے وقت تیز رفتاری سے گاڑی چلا رہے تھے کہ اس دوران گاڑی بے قابو ہو گئی اور اس کی زد میں آ کر ایک شخص زخمی ہو گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی اہلکاروں نے حادثے کے بعد فرار ہونے کی کوشش کی تاہم موقع پر موجود شہریوں نے بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کو پکڑ لیا۔
پاکستان میں بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کی گرفتاری پر بھارت میں پاکستان کے ناظم الامور سید حیدر شاہ کو بھارت کی طرف سے احتجاجی مراسلہ دیا گیا ہے۔
پاکستانی ناظم الامور کو بھارتی دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاجی مراسلہ دیا گیا، احتجاجی مراسلے میں پاکستان سے بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکاروں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔