جیالے متحد رہیں جلد اچھا وقت آنے والا ہے، آصف علی زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ حکومت نے لوگوں کے لیے کچھ نہیں کیا تو خوفناک صورتحال جنم لے سکتی ہے۔

سابق صدر آصف علی زرداری آج کل بیمار ہیں اور گزشتہ دنوں ان کی صحت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر مختلف افواہیں بھی زیر گردش رہیں جس کی پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کی جانب سے تردید کی گئی۔

رہنما پیپلزپارٹی آصف علی زرداری نے کہاہےکہ اٹھارہویں ترمیم نے وفاق کو جوڑا، این ایف سی ایوارڈ نے اس کو مضبوط کیا لیکن حکمران آئین اور کسی اصول کو نہیں بلکہ ہر چیز توڑ پھوڑ دینا چاہتے ہیں۔ 

آج پارٹی رہنماؤں سے فون پر گفت گو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  وفاق میں بیٹھے لوگ سیاسی ادراک نہیں رکھتے، ہر بحران کو مزید گہرا کر دیتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صوبوں کو مضبوط بنانے کی بجائے انہیں مزید کمزور کررہی ہے، یہ نہ آئین کو مانتے ہیں نہ کسی اصول کو بلکہ ہر چیز توڑ پھوڑ دینا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی آج بھی بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے لیکن شرط یہ ہے کہ بلوچ نوجوان مسلح جدوجہد کو ترک کرکے سیاسی جدوجہد میں واپس آئیں

انہوں نے کہا کہ ریاست کو بھی بلوچستان میں اب زیادہ محتاط ہونے کی ضرورت ہے، اگر اکبربگٹی جیسا کوئی دوسرا واقعہ ہوگیا تو حالات کو سنبھالنا کسی کے بس میں نہیں رہے گا۔

 آصف زرداری نےقمر زمان کائرہ اور چودھری منظور احمد کو ٹیلی فون کرکے ملکی صورتحال اور پارٹی امور پرتبادلہ خیال کیا اور کہا کہ پنجاب میں جیالے متحد رہیں جلد اچھا وقت آنے والا ہےمقدمات کا کوئی خوف نہیں، پہلے بھی عدالتوں میں مقابلہ کیا اب بھی کریں گے۔

یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید تھے، انہیں 11 جون 2019 کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت مسترد کیے جانے کے بعد نیب کی ٹیم نے گرفتار کیا تھا۔

23 اکتوبر کو طبیعت ناساز ہونے پر انہیں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسلام آباد منتقل کیا گیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق صدر کی طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی جس پر 11 دسمبر کو عدالت نے آصف زرداری کی ضمانت ایک کروڑ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کی تھی۔

ضمانت منظور ہونے کے بعد آصف زرداری کو 13 دسمبر کو خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی منتقل کیا گیا تھا جس کے بعد وہ 14 دسمبر سے نجی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

مزید خبریں :