Time 25 جون ، 2020
پاکستان

'استعفے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا': فواد چوہدری کا چوہان کے بیان پر ردعمل

وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کسی اور کی خواہش پر استعفیٰ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا اور وہ اس وقت تک وزیر رہیں گے جب تک انہیں وزیر اعظم عمران خا کا اعتماد حاصل ہے۔

فواد چوہدری نے گزشتہ روز ایک انٹریو میں تحریک انصاف کے رہنماؤں جہانگیر ترین اور اسد عمر کے درمیان رسہ کشی کا انکشاف کیا اور بتایا کہ پہلے جہانگیر ترین نے اسد عمر کو نکلوایا اور پھر اسد عمر نے جہانگیر ترین کی چھٹی کرادی۔

امریکا کے سرکاری خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں وفاقی وزیر نے یہ بھی انکشاف کیا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان وزرا کو خبردار کرچکے ہیں کہ ہمارے پاس ساڑھے پانچ چھ مہینے ہیں جس میں ہمیں خود کو تگڑا کرنا ہوگا ورنہ وقت ہاتھ سے نکل جائے گا۔

اس کے انٹرویو کے بعد وزیراطلاعات پنجاب فیاض چوہان نے کہا تھا کہ وفاقی وزیر کا رویہ غیر ذمے دارانہ ہے، اگر عمران خان ٹیم بنانے میں ناکام ہیں توفواد چودھری استعفا دے دیں۔

فیاض چوہان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ کسی اور کی خواہش پر استعفیٰ دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، وہ اس وقت تک وزیر رہیں گے جب تک انہیں وزیر اعظم کا اعتماد حاصل ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سیاست کمزور دل حضرات کا کھیل نہیں ہے۔

مزید خبریں :