قربانی کا جانور خریدنے والوں کیلئے اہم ہدایات جاری

جانور لانے والی گاڑی کو ضلعی انتظامیہ ڈِس انفیکٹ کرے گی، ضلعی انتظامیہ مویشی منڈیوں میں اسپرے بھی کرائےگی— فوٹو: فائل

لاہور میں ضلعی انتظامیہ نے مویشی منڈیوں کیلئے مقامات کی نشاندہی کردی، عید الاضحیٰ پر مویشی منڈیاں لگانے کیلئے 12 پوائنٹس کا انتخاب کیا گیا ہے۔

ان مقامات میں ایل ڈی اے سٹی، بسم اللہ ہاؤسنگ اسکیم ، راوی سائفن، ڈی ایچ اے رہبر نزد ہلوکی گاؤں، واپڈا ٹاؤن ایکسٹینشن بلاک اے تھری، ای بلاک پنجاب گورنمنٹ ایمپلائز ہاؤسنگ اسکیم فیز ٹو، کاہنہ، لکھو ڈیر، شاہ پور کانجراں اور سگیاں شامل ہیں۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کا کہنا ہے کہ زیادہ مویشی منڈیاں لگانے کی تجویز کا مقصد کورونا وائرس کے پھیلاؤ کوروکنا ہے، منڈیوں کے پوائنٹس 12 زیادہ بھی ہوسکتے ہیں۔

علاوہ ازیں پنجاب کابینہ کی سب کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں مویشی منڈیاں لگانے سے متعلق فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مدرسوں سمیت بعض اداروں کو اجتماعی قربانی کی اجازت ہوگی، اجتماعی قربانی کی اجازت متعلقہ ڈپٹی کمشنر دے گا، اجتماعی قربانی ایس او پیز کے تحت کی جا سکے گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ آن لائن قربانی کی بھی اجازت ہوگی، شہری حدود میں جانوروں کے سیل پوائنٹ نہیں لگائے جائیں گے، ہرکمشنر شہری حدود سے باہر مویشی منڈیوں کے مقامات کی نشاندہی کرے گا، منڈیوں میں ماسک ، گلوز اور سماجی فاصلہ ضروری ہوگا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جانور خرید کر شہری حدود میں لانے والے کو ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ہوگا، جانور لانے والی گاڑی کو ضلعی انتظامیہ ڈِس انفیکٹ کرے گی، ضلعی انتظامیہ مویشی منڈیوں میں اسپرے بھی کرائےگی۔

فیصلہ کیا گیا کہ بچوں اوربزرگوں کو مویشی منڈی میں داخلے کی اجازت نہیں ہو گی، فیملی کے صرف ایک فرد کو منڈی جانے کی اجازت ہوگی، شہر میں داخلے پر پولیس ہر جانور کی خریداری کی رسید چیک کرے گی۔

مزید خبریں :