04 ستمبر ، 2012
اسلام آباد… پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ 2002ء میں مزید ترمیم کا بل 2012ء قومی اسمبلی میں پیش کر دیا گیا جسے مزید غور کیلئے متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا۔ منگل کو مسلم لیگ (ق) کے رکن ریاض فتیانہ نے پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ (ترمیمی) بل پیش کرنے کی اجازت چاہی۔ وزیر قانون فاروق ایچ نائیک نے بل کی مخالفت نہیں کی تاہم انہوں نے کہا کہ اس بل کے حوالے سے پالیسی وضع کرنے کی ضرورت پڑے گی۔ ریاض فتیانہ نے ڈپٹی اسپیکر کے کہنے پر بل کے اغراض و مقاصد بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس بل کی منظوری سے سیاسی جماعتوں کی مالی حالت بہتر ہو گی اور ہر آمدن کا آڈٹ ہو سکے گا۔ سیاسی جماعتیں مالی لحاظ سے مستحکم ہونگی تو جمہوری استحکام آئے گا۔ ریاض فتیانہ نے ایوان سے اجازت ملنے پر بل ایوان میں پیش کیا۔