Time 18 جولائی ، 2020
پاکستان

کراچی میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 'را' سے وابستہ تنظیم کے 6 ارکان گرفتار

کراچی پولیس نے  دہشت گردی کا بڑا منصبوبہ ناکام بناتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی 'را' سے وابستہ 6 ملزمان گرفتار کرلیے۔

سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ( ایس ایس پی) غربی فدا حسین جانوری نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار 6 ملزمان انڈین خفیہ ایجنسی کی حمایت یافتہ کالعدم علیحدگی پسند تنظیم 'براس' سے تعلق رکھتے ہیں۔

ایس ایس پی فدا حسین کے مطابق ملزمان میں شیر خان، کریم بخش عرف بگل، دلشاد، موران خان عرف مولو، درخان اور ناری اور امیر بخش عرف نری شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے آوان لانچر، 5 دستی بم، 6 آوان بمب، تین کلاشنکوف، ایک ہزار گولیاں برآمد ہوئی ہیں جب کہ چھاپے کے دوران 3 نائن ایم ایم پستول کی گولیاں اور دھماکہ خیز مواد بھی پکڑا گیا ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق گرفتار ملزمان نے کراچی میں بڑے حملے کی منصوبہ بندی کا انکشاف کیا ہے جب کہ وہ  بلوچستان کے علاقوں میں آرمی، فرنٹیئر کانسٹیبلری اور لیویز کے قافلوں پر حملوں میں ملوث رہے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کالعدم علیحدگی پسند تنظیم کو بھارتی خفیہ ایجنسی را کی حمایت حاصل ہے وہی ان کی تربیت اور فنڈنگ کرتی ہے اور ملزمان کا مضبوط نیٹ ورک افغانستان سے چلایا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :