Time 25 جولائی ، 2020
پاکستان

کراچی: بھائیوں نے نو بیاہتا بہن اور بہنوئی کو کیوں قتل کیا؟ کہانی سامنے آگئی

کراچی: ناظم آباد میں بھائیوں نے حال ہی میں شادی کے بندھن میں بندھنے والی بہن اور اس کے شوہر کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق ناظم آباد میں گزشتہ رات نوبیاہتا جوڑے کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا، لڑکی نے گھر والوں کی مرضی کے خلاف ایک ادھیڑ عمر شخص سے خفیہ شادی کی جس پر لڑکی کے بھائیوں نے واردات کی جنہیں پولیس نے گرفتار کرلیا۔

ایس ایس پی سینٹرل عارف اسلم راؤ کے مطابق مقتولہ عائشہ کا اصل نام حنا ہے جس کا کچھ عرصہ قبل مقتول سلیم سائیں کے اورنگی ٹاؤن میں واقع آستانے پر اپنی ماں کے ساتھ آنا جانا شروع ہوا جہاں سلیم سائیں نے حنا سے تعلقات استوار کیے اور اسے محبت کے جال میں پھنسا لیا۔ 

ایس ایس پی نے بتایا کہ پہلے سے شادی شدہ سلیم سائیں نے 35 سالہ حنا سے اس کے گھر والوں کی مرضی کے خلاف خفیہ شادی کی اور اسے عائشہ بی بی کا نام دے کر کرائے کے مکان میں رکھا ہوا تھا۔ 

پولیس کے مطابق جس مکان میں واردات ہوئی وہاں رہائش پذیر خاتون نے شور شرابے کی آواز سن کر اپنے شوہر کو آگاہ کیا جنہوں نے ملزمان کو فرار ہوتے دیکھا اور ڈکیتی کی واردات سمجھ کر نیچے جا کر دیکھا تو گھر کے دونوں مکین خون میں لت پت پڑے تھے، اسی پڑوسی نے ہی پولیس کو دوہرے قتل کی واردات سے آگاہ کیا۔ 

ایس ایس پی عارف راؤ کے مطابق عینی شاہدین کے بیانات کے بعد رضویہ سوسائٹی پولیس نے تین گھنٹے میں دُہرے قتل کا کیس حل کرلیا اور اس میں ملوث مقتولہ حنا کے دو بھائیوں آصف اور اشرف گرفتار کرلیا۔ 

ملزمان آصف اور اشرف نے خاندان کی مرضی کے خلاف شادی کرنے پر جوڑے کو قتل کا اعترف کرلیا، ملزمان کی عمریں 22 اور 24 سال ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان کا کہنا ہے کہ ان کی بہن کے اس عمل سے ان کی خاندان میں بدنامی ہوئی، اس پر انہوں نے ان کے اس خفیہ گھر کا سراغ لگایا اور گزشتہ رات اس وقت واردات کی جب علاقے میں بجلی نہیں تھی۔

مزید خبریں :