کراچی میں بڑے پیمانے پر نالوں کی صفائی کا کام شروع

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی نگرانی میں آج سے کراچی کے نالوں کی بڑے پیمانے پر صفائی کا کام شروع ہو گیا ہے۔

گزشتہ دنوں ہونے والی مون سون بارشوں میں کراچی کے نالے اوور فلو ہو گئے تھے اور نالوں کے ساتھ ملحقہ آبادیوں کے گھروں میں پانی داخل ہو گیا تھا جب کہ بارش کے باعث شہر  بھر کی شاہراہیں بھی پانی میں ڈوب گئی تھیں۔

اس صورتحال کے بعد وزیراعظم عمران خان نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹننٹ جنرل محمد افضل کو فوری طور پر کراچی جانے کی ہدایت کی تھی اور انہیں کراچی کے نالوں کی صفائی کا ٹاسک دیا تھا۔

نالوں کی صفائی کے لیے چیئرمین این ڈی ایم اے نے ایف ڈبلیو او کو کام سونپا تھا جس کے بعد آج سے  ایف ڈبلیو او نے ہیوی مشنری سے نالوں کی صفائی کا کام کیا شروع کر دیا ہے۔

ایف ڈبلیو او کی ٹیم  نالوں کی صفائی کر کے  برساتی نالوں کی چوڑائی بڑھانے کا بھی کام کر رہی ہے۔ 

 ناظم آباد میں گجر نالے کی صفائی کے لیے ایف ڈبلیو او کی ٹیمیں موجود ہیں جہاں ہیوی مشینری کی مدد سے کچرا نکالا جا رہا ہے  اور  پھر کچرے کو لینڈفِل سائٹ پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

سندھ حکومت اپنی کوتاہیاں ماننے کو  تیار  ہے: وزیراعلی سندھ

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آج شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور اس دوران علاقہ مکینوں نے ان سے انتظامیہ کی لاپرواہی سے متعلق شکایات بھی کیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ  ہم اپنی کوتاہیاں ماننے کو تیار ہیں اور مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ  برساتی نالے سیوریج کی لائنوں سے ملے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مشکلات ہوتی ہیں، مگر  پوری کوشش ہے کہ نالوں کی صفائی کے کام کو بہتر کریں۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ کے ایم سی اور  ڈی ایم سیز کے ساتھ مل کر شہر کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، تین روز بعد بارشیں بھی متوقع ہیں، اس کی تیاری بھی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کی وجہ سے نالوں کی صفائی میں تاخیر ہوئی ورنہ تو 2017 میں سندھ حکومت نے خود نالے صاف کیے تھے۔

مزید خبریں :