Time 28 اگست ، 2020
پاکستان

کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھی بارش ہوئی

کراچی کے مختلف علاقوں میں آج بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

کراچی کے علاقے گلشن حدید، اسٹیل ٹاؤن، رزاق آباد اور نیشنل ہائی وے پر آج پھر بارش ہوئی تاہم اورنگی ٹاؤن، ناظم آباد اور ضلع سینٹرل میں بارش نہیں ہوئی۔

آج ہونے والی بارش کی وجہ سے پورٹ قاسم سے قائد آباد تک مختلف مقامات پر سڑکیں زیر آب آگئیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون کی مزید ہوائیں کل سندھ کے مشرقی حصے میں داخل ہوں گی  اور کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ہفتے کی صبح سے گرج چمک کے ساتھ معتدل سے تیز بارش کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی اور ٹھٹھہ کے قریب سمندر میں ہوا کے کم دباؤ کا سسٹم تاحال موجود ہے ۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی میں بارش کے اگلے پچھلے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے تھے جب کہ مختلف حادثات میں 25 افراد جاں بحق اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔

اس کے علاوہ شہر کے کئی علاقوں میں اب بھی پانی گھروں اور سڑکوں پر موجود ہے جس کی وجہ سے عوام کو شدید دشواری کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :