29 اگست ، 2020
کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں نواسہ رسولﷺ، حضرت امام حسینؓ سمیت شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں 9 محرم الحرام کو بھی شبیہ عَلم اور ذوالجناح کے جلوس برآمد کیے گئے۔
کراچی میں 9 محرم کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے بر آمد ہو کر حسینیاں ایرانیاں کھارادار پر ختم ہوا۔
لاہور کا جلوس پانڈو اسٹریٹ سے اور اسلام آباد کا جلوس مرکزی امام بارگاہ اثنائے عشری سے برآمد ہوکر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا اختتام پذیر ہوا۔
پشاور کا مرکزی جلوس بھی اپنی منزل امام بارگاہ حسینیہ ہال پہنچ کر ختم ہوا جبکہ کوئٹہ میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ناصر العزا پہنچ کرختم ہوگیا۔
جلوس کے موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے، گزرگاہ اور اطراف کی گلیوں اور سڑکوں کو کنٹینر لگا کرسیل کیا گیا تھا جب کہ جلوس کی سیکیورٹی کے لیے پولیس و رینجرز بھی تعینات ہے اور جلوس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے بھی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
روہڑی میں 500 سال قدیم ضریح نو ڈھال کا جلوس امام شاہ عراق سے برآمد ہوکر اپنی منزل پر اختتام پذیر ہوا جس میں ملک بھر سے سیکڑوں کی تعداد میں زائرین اور عزاداران نے شرکت کی۔
شہر میں جلوسوں اور مجالس کے لیے پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ مرکزی جلوسوں کے روٹ پر موبائل فون سروس معطل ہے۔