Time 08 ستمبر ، 2020
پاکستان

سندھ حکومت کا بی ایڈ کیلئے عمر کی حد ختم کرنے کا فیصلہ

سندھ حکومت کی جانب سے تدریس کے پیشے میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے ٹیچنگ کورس بی ایڈ کے لیے عمر کی حد ختم کرنے کا اہم فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیر صدارت طویل عرصے بعد سندھ ٹیچرز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس ہوا جس میں اراکین کی جانب سے ٹیچنگ کورس بی ایڈ کے لیے عمر کی حد میں اضافے کی تجویز سامنے آئی۔

اس معاملے پر شرکاء نے مختلف رائے دی تاہم وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا کہ علم کے حصول کے لیے عمر کی پابندی نہیں ہونی چاہیے، علم کو عمر کی پابندی سے محدود کرنا درست نہیں۔

شرکاء کی مشاورت کے بعد اجلاس میں میں بی ایڈ کرنے کے لیے عمر کی حد ختم کرنے کا اہم فیصلہ کیا گیا جس پر وزیر تعلیم نے کہا کہ اس حوالے سے جلد قانون سازی بھی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ ٹیچنگ کورس بی ایڈ کے لیے عمر کی حد 28سال مقرر تھی۔

دوسری جانب معروف سماجی رہنما و گلوکار شہزاد رائے نے سندھ حکومت کے فیصلے کو سراہا اور خوش آئند قرار دیا۔

اپنی ٹوئٹ میں شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کے فیصلے سے نوجوانوں کی ٹیچنگ کے شعبے میں آنے کی حوصلہ افزائی ہوگی۔

مزید خبریں :