25 ستمبر ، 2020
بھارتی فوج کی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر فائرنگ کے نتیجے میں 8 سال کا بچہ زخمی ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے بروہ سیکٹرپر بلااشتعال فائرنگ کی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ بھارتی فوج نے جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 8 سال کا بچہ زخمی ہوگیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت نے اس سال 2340 بار سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔
دوسری جانب پاکستان نے بھارتی ہائی کمیشن کے سینیئر اہلکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ اور گولہ باری پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
ترجمان کے مطابق بھارتی فوج نے 24 ستمبر کو ایل او سی کے بروہ سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ اورگولہ باری کی جس کے نتیجے میں گاؤں بروہ کے 2 رہائشی زخمی ہوئے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارتی افواج ایل او سی پر تسلسل سے شہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہی ہیں، بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن وسلامتی کیلئے خطرہ ہے۔
خیال رہے کہ بھارت فوج کی جانب سے ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں اب تک متعدد فوجی جوان اور شہری جاں بحق و زخمی ہوچکے ہیں۔