10 ستمبر ، 2012
کراچی…سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جدید ترین ایئرٹریفک مینجمنٹ سسٹم نے کام شروع کردیا ہے۔اس سسٹم کی تنصیب سے پاکستانی فضائی حدود میں طیاروں کی پروازیں زیادہ محفوظ ہونگی جبکہ ا یئرلائنز کو ایندھن اور وقت کی بچت بھی ہوگی۔ جدید ترین ایئرٹریفک مینجمنٹ سسٹم سی اے اے کے لاہور اور کراچی ریڈار سینٹرز پر نصب کئے گئے ہیں۔ اس جدید سسٹم کے ذریعے ایئرٹریفک کنٹرولرز کو پاکستان کی پوری فضائی حدود میں طیاروں کی بہتر رہنمائی کی سہولت مل گئی ہے۔ سی اے اے ذرائع کے مطابق جدید ترین ایئرٹریفک مینجمنٹ سسٹم اسپین سے حاصل کیا گیاہے۔ یہ سسٹم امریکا اور یورپ کے کئی ممالک میں نصب ہے جبکہ پاکستان جنوبی ایشیاء میں طیاروں کی رہنمائی کا یہ نظام استعمال کرنے والا پہلا ملک ہے۔ روز انہ تقریبا 14 سو پروازیں پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتی ہیں۔ماہرین کے مطابق دوران پرواز اگر طیارے خطرناک حد تک قریب آجائیں یا اپنی مقررہ اونچائی یا راستے سے ہٹ جائیں تویہ سسٹم بہت درست طریقے سے ایئرٹریفک کنٹرولر کو خبردار کر دیتا ہے۔ اسی طرح جنگ زدہ علاقوں اور ممنوع فضائی حدود سے طیاروں کو دور رکھنے کیلئے بھی یہ سسٹم انتہائی کارگر ہے ۔ ماہرین نے امید ظاہر کی ہے کہ زیادہ درست اور موثر معلومات کی بنا پر اب پاکستانی فضائی حدود میں بیک وقت زیادہ طیارے پرواز کرسکیں گے، نئے نظام سے نئے فضائی روٹس اور خطہ کے مختلف ممالک کے درمیان پروازوں کیلئے شارٹ روٹس بھی بنانے کی سہولت مل جائے گی جبکہ نئے روٹس اور شارٹ کٹ روٹس سے ایئرلائنز کو ایندھن اور وقت کی بچت بھی ہوگی۔