21 اکتوبر ، 2020
آرمی چیف نے کنٹرول لائن پر چھمب سیکٹر پر اگلے مورچوں کے دورے میں افسروں اور جوانوں سے کہا ہے کہ وہ ثابت قدم رہیں، اپنے فرائض ایمان داری اور جذبے کے ساتھ ادا کریں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کو ایل او سی پر تازہ ترین آپریشنل صورتحال اور بھارت کی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے اگلے مورچوں پر تعینات افسروں اور جوانوں سے گفتگو کی اور کنٹرول لائن پر مسلسل نظر رکھنے پر افسروں اور جوانوں کی تعریف بھی کی۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے بہترین آپریشنل تیاریوں پربھی افسروں اور جوانوں کو سراہا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے متاثرہ آبادیوں سے تعاون پر زور دیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ثابت قدم رہیں، اپنے فرائض ایمانداری اور جذبے کے ساتھ ادا کریں۔
خیال رہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک کئی جوان اور شہری شہید ہوچکے ہیں۔