30 اکتوبر ، 2020
لاہور میں واسا ملازمین نے اسموگ کی روک تھام کے لیے ہفتے میں ایک روز گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی بجائے سائیکلوں پر دفتر آنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب میں اسموگ کی روک تھام کے لیے ہفتے میں ایک روز واسا کے افسران سمیت تمام ملازمین سائیکلوں پر دفتر جائیں گے جس سے نہ صرف فضائی آلودگی میں کسی حد تک کمی واقع ہو گی بلکہ اس سے ملازمین کو ورزش کا موقع بھی مل جائے گا۔
ہر ہفتہ کو سارے ملازمین بشمول ایم ڈی، چئیرمین، ڈائریکٹرز اور ڈپٹی ڈائریکٹرز سمیت تمام ملازمین سائیکل پر دفتر آئیں گے۔
ایم ڈی واسا زاہد عزیز کا کہنا ہے کہ سائیکل چلانے کی روایت ڈالنے جا رہے ہیں، اس سے اسموگ میں کمی ہوگی اور پیٹرول کی بھی بچت ہو گی۔
ان کا کہنا تھا کہ باقی ادارے بھی اس کو اپنائیں، سائیکل چلانے میں کوئی شرم نہیں آئی، افسران بھی چلا سکتے ہیں۔
خیال رہے کہ حکومت پنجاب نے اسموگ کی روک تھام کے لیے صوبے بھر میں فصلیں جلانے پر پابندی عائد کر رکھی ہے اور کسانوں کو فصلیں تلف کرنے کے لیے سیڈرز مشینیں فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس کے علاوہ پنجاب میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں پر جرمانے بھی عائد کیے جا رہے ہیں۔