پاکستان
13 ستمبر ، 2012

متاثرہ فیکٹری کے کچھ حصوں میں پھر آگ بھڑک اٹھی

متاثرہ فیکٹری کے کچھ حصوں میں پھر آگ بھڑک اٹھی

کراچی … کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاوٴن کی گارمنٹس فیکٹری کے کچھ حصوں میں ایک بار پھر آگ بھڑ ک اٹھی ہے جبکہ جبکہ تہہ خانے میں امدادی کارروائیاں تاحال شروع نہیں ہوسکیں۔ متاثرہ فیکٹری کے بیسمینٹ سے گرم پانی کو نکالنے کیلئے واٹر پمپس کا تا حال انتظار کیا جارہا ہے۔ امدادی کاموں میں تاخیر پر لواحقین نے بھی احتجاج کیا۔ لواحقین کا کہنا ہے کہ بعض لوگ اب بھی تہہ خانے میں موجود ہو سکتے ہیں جس کیلئے امدادی کارروائیوں میں تیزی لانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر امدادی ادارے انہیں اوزار وغیرہ فراہم کر دیں تو وہ خود یہ کام کرنے کو تیار ہیں۔ واضح رہے کہ بلدیہ ٹاوٴن کی گارمنٹس فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعے میں 258 افراد جاں بحق ہوئے جبکہ 80 لاشوں کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی ہے۔ ایدھی ذرائع کے مطابق سانحہ بلدیہ ٹاوٴن کی 217 لاشیں ایدھی سرد خانے لائی گئیں جن میں سے 137 کی شناخت ہوگئی ہے۔ ایدھی ذرائع نے بتایا کہ فیکٹری سانحے میں جاں بحق ہونے والوں میں سے 107 لاشیں ورثاء کے حوالے کی جاچکی ہیں۔ ادھر گارمنٹ فیکٹری میں جاں بحق ہونے والے 3 بھائیوں سمیت 5 افراد کی نماز جنازہ لاکھا روڈ نوشہرو فیروز میں ادا کردی گئی۔ پولیس کے مطابق پانچوں افراد کا تعلق ایک ہی گاوٴں سے ہے۔ جاں بحق ہونے والے 3 بھائی محراب، اسحاق اور نظام وگھیو سمیت پانچوں افراد فیکٹری میں ملازم تھے۔

مزید خبریں :