17 ستمبر ، 2012
کراچی … کراچی میں بن قاسم اسٹیشن کے قریب گھگھر پھاٹک پر 2 مسافر ٹرینیں ٹکرا گئیں، ایک شخص جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ نمائندہ جیو نیوز کے مطابق کراچی سے 50 کلو میٹر کے فاصلے پر بم قاسم اسٹیشن اور گھگھر پھاٹک کے درمیان ملت ایکسپریس کھڑی تھی جسے شالیمار ایکسپریس نے پیچھے سے ٹکر ماری جس کے نتیجے میں ریلوے کا ایک ملازم جاں بحق ہوگیا ہے جبکہ شالیمار ایکسپریس کے ڈرائیور سمیت کئی مسافر زخمی ہیں۔شالیمار ایکسپریس کی ٹکر کے باعث اس کا انجن تقریباً تباہ ہوگیا ہے تاہم اس کے مسافر محفوظ رہے ہیں جبکہ ملت ایکسپریس کی 2 بوگیاں بھی تباہ ہوگئی ہیں جبکہ ایک بوگی دوسرے ٹریک پر الٹ گئی ہے۔ اسسٹنٹ ڈرائیور ریلوے محمد وسیم نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملت ایکسپریس کی تباہ ہونے والی بوگی میں مسافر پھنسے ہوئے ہیں جبکہ دیگر زخمیوں کو ایمبولینسوں کے ذریعے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق امدادی ٹیموں کے پہنچنے سے قبل پولیس اور مسافروں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمی مسافروں کو بوگیوں سے نکالا، جس کے بعد ایمبولینسوں کے ذریعے انہیں اسپتال منتقل کیا گیا دوسری جانب اندھیرے اور خراب راستے کے باعث امدادی کاموں میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔نمائندہ جیو نیوز کامران رضی کے مطابق ڈی ایس ریلوے نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملت ایکسپریس ڈاوٴن ٹریک پر تھی، شالیمار ایکسپریس نے پیچھے سے ملت ایکسپریس کو ٹکر ماری، جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ملت ایکسپریس کی 2، 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئی ہیں، ریلیف ٹرین اور ریسکیو عملہ حادثے کے مقام پر روانہ کردیا گیا ہے، حادثے کے باعث ٹرینوں کی آمد و رفت معطل ہوگئی ہے۔ ٹرین کے ایک مسافر کے مطابق گھگھر پھاٹک پر کھڑی ملت ایکسپریس سے شالیمار ایکسپریس کے ٹکرانے کی آواز انتہائی شدید تھی، ہم سمجھے کہ بم سے حملہ ہوگیا ہے۔ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر صغیر احمد نے ٹرینوں کے حادثے کے بعد تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے