17 ستمبر ، 2012
کراچی… بن قاسم ٹاون اسٹیشن کے قریب شارلیمار اور ملت ایکسپریس کی ٹکر میں ریلوے ملازم جاں بحق اور18 افراد زخمی ہوگئے۔ ڈی ایس ریلوے کراچی کے مطابق کراچی سے پچاس کلومیٹر دور گھگر پھاٹک کے قریب شارلیمار ایکسپریس نے ملت ایکسپریس کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں ملت ایکسپریس کی دو بوگیاں پٹری سے اتر گئی اور شارلیمار ایکسپریس کا انجن حادثے میں تباہ ہوگیا۔ ڈی ایس ریلوے کراچی کے مطابق ملت ایکسپریس ملتان سے اور شارلیمار ایکسپریس لاہور سے کراچی آرہی تھی۔ کمشنر کراچی روشن علی شیخ کے مطابق حادثے کی وجوہات تحقیقات کے بعد سامنے آئیں گی۔ حادثہ بظاہر ٹرین ڈرائیور کی غلطی معلوم ہوتا ہے۔ پولیس کے مطابق ٹرین حادثے میں ریلوے ملازم جاں بحق اور 18 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب وزیرصحت سندھ ڈاکٹر صغیر احمد نے تمام اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی کر کے تمام ڈاکٹروں کو اسپتالوں میں طلب کرلیا ہے۔