پاکستان
18 ستمبر ، 2012

این آر او کیس، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سپریم کورٹ پہنچ گئے

این آر او کیس، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف سپریم کورٹ پہنچ گئے

اسلام آباد … وزیراعظم راجہ پرویز اشرف این آر او عملدرآمد کیس کی سماعت کیلئے سپریم کورٹ پہنچ گئے ہیں۔ ان کیخلاف توہین عدالت کیس کی سماعت اب سے کچھ دیر بعد ہورہی ہے جس میں امکان ہے کہ وزیراعظم سوئس حکام کو خط لکھنے سے متعلق اپنا جواب داخل کرائیں گے۔ وزیراعظم کی عدالت عظمیٰ میں پیشی کے موقع پر وزیر قانون فاروق ایچ نائیک، اتحادی جماعتوں کے قائدین اور وفاقی وزراء بھی ان کے ہمراہ ہیں۔سپریم کورٹ کا پانچ رکنی بنچ جسٹس آصف سعید کھوسہ کی سربراہی میں آج این آر او عملدرآمد کیس کی سماعت کرے گا جبکہ بنچ جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس اعجاز احمد چوہدری، جسٹس گلزار احمد اور جسٹس اطہر سعید پر مشتمل ہے، آج ہونے والی سماعت کے دوران وزیراعظم کی جانب سے سوئس حکام کو خط لکھنے سے متعلق اپنا جواب بھی داخل کرائے جانے کا امکان ہے تاہم ابھی تک حکومت کی جانب سے ایسا کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا جس سے یہ تاثر ملتا ہو کہ وزیراعظم کی عدالت کو سوئس حکومت کو خط لکھنے کی یقین دہانی پوری ہوئی جبکہ عدالت، توہین عدالت ایکٹ 2012ء کو بھی کالعدم قرار دے چکی ہے، وزیراعظم کو عدالت نے محض اسلئے مہلت دی تھی کہ وہ این آر او عملدرآمد کے حوالے سے پیرا نمبر 178پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں لیکن ابھی تک حکومت نے نہ ہی خط لکھا ہے اور نہ ہی اس کی کوئی درمیانی راہ نکالی گئی ہے۔ وزیراعظم، وزیر قانون فاروق ایچ نائیک کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوں گے۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو اسی پیرا نمبر 178پر عملدرآمد نہ کرنے پر توہین عدالت کا چارج فریم کیا گیا تھا۔

مزید خبریں :