پاکستان

بجلی کی مد میں پاکستان ریلویز کو اربوں روپےکا چونا لگائے جانےکا انکشاف

وزیراعظم نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے ریلوے کالونیوں میں 25 ہزار بجلی میٹر ہنگامی طور پر لگانے کا حکم دے دیا،فوٹو: فائل

بجلی کی مد میں پاکستان ریلویز کو اربوں روپے کا چونا لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

 وزیر ریلوے اعظم سواتی نے تفصیلات وزیر اعظم کے سامنے رکھ دی ہیں جس پر وزیر اعظم نے سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ریلوے کالونیوں میں بجلی میٹر نہ ہونے پر سالانہ ڈھائی ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑتا ہے، ریلوے ملازمین سال ہا سال سے بجلی استعمال کررہے ہیں اور  مالی بوجھ ریلوے پر پڑا ، نقصان میں واپڈا اور ریلوے حکام کی ملی بھگت سامنے آئی ہے۔

وزیراعظم نے سخت اظہار برہمی کرتے ہوئے ریلوے کالونیوں میں 25 ہزار بجلی میٹر ہنگامی طور پر لگانے کا حکم دے دیا۔

 وزیراعظم نے کہا ہے کہ ریلویے کی رہائشی کالونیوں میں بجلی میٹر لگانے کا عمل 4 ماہ میں مکمل کیاجائے ، وزیراعظم نے بجلی میٹر کے معاملے کی مانیٹرنگ کے لیے کوآرڈینیشن کمیٹی بھی قائم کردی، وزیراعظم آفس کا ایک آفیسر بجلی میٹرز کے معاملے کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

 وزیراعظم نے کہا ہے کہ ریلوے کالونیوں میں آج سے میٹروں کی تنصیب شروع کریں، قومی خزانے کی ایک ایک پائی قوم کی امانت ہے.امانت سمجھ کر خرچ کریں گے ، قومی خزانہ کو نقصان پہنچانے والے رعایت کے مستحق نہیں۔

مزید خبریں :