11 فروری ، 2012
لاڑکانہ … لاڑکانہ میں بھی ریلوے اراضی پر قائم تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن شروع کردیا گیا جس کے خلاف قابضین نے احتجاج کرتے ہوئے ریلوے ٹریک پر دھرنا دیا اور ٹرینوں کی آمدورفت روک دی۔ ریلوے حکام کے مطابق ریلوے کالونی اور ریلوے لائن کے قریب ساڑھے 15لاکھ مربع اسکوائر فٹ سے زائد پر قائم تجاوزات کو ختم کرنے کے لئے خصوصی آپریشن کا آغاز کردیاگیا ہے۔ آپریشن کے خلاف قا بضین نے شدید احتجاج کیا اور ریلوے حکام اور پولیس کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔مشتعل مظاہرین نے ریلوے ٹریک پر دھرنا دے کر کراچی سے پشاور جانے والی خوشخال خٹک ایکسپریس کو بروہی پھاٹک پر روک لیا۔ ریلوے کے ایگزیکٹو انجینئر اختر علی کاکہناہے کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت کیا جارہا ہے اور ریلوے اراضی کو واگزار کرانے کے لئے دیگر علاقوں میں بھی آپریشن کیا جائے گا۔ ریلوے حکام نے مظاہرہ کرنے والے قابضین کو منتشر کرنے کے لئے پولیس کی بھاری نفری طلب کرلی ہے۔