11 فروری ، 2012
کراچی…کراچی میں منعقد ہونے والے کراچی لٹریچر فیسٹول زبردست گہما گہمی کے ساتھ جاری ہے، کراچی لٹریچر فیسٹول میں بھارت، جرمنی ، بنگلا دیش سمیت کئی ممالک کے ادیب ،شاعر،اور فلمساز شرکت کررہے ہیں۔فیسٹول کے پہلے دن شرکت کے لیے صبح سے ہی شائقین فن و ادب جمع ہونا شروع ہوگئے، پہلے دن کی ابتدائی مجلس سے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی سربراہ امینہ سید،معروف پبلشر اور نقاد آصف فرخی ، پاکستان میں متعین امریکی سفیر کیمرون منٹر کی اہلیہ میریلین وائٹ، اور معروف برطانوی مصنف ولیم ڈیلرمپل نے خطاب کیا اور لٹریچر کی افادیت پر روشنی ڈالی،ابتدائی اجلاس کے بعد مختلف ادبی مجالس منعقد کی گئیں جس میں بھارت سے آئی مصنفہ شوبھادے، ولیم ڈیلرمپل، حنیف قریشی و دیگر نے حاضرین سے اپنے تجربات کا تبادلہ کیا، سوالات کے جواب دیئے جبکہ شاعری، افسانہ، تاریخ، خواتین مصنفین کے کام، پاکستان اور پاکستان کے باہرادب و ثقافت کی صورت حال،تھیٹر اور افغانستان اور پاکستان کے تنازعات اور انتہاپسندی پر ماہرین نے خیالات کا اظہار کیا، گفتگو اور تبادلہ خیالات کے ساتھ ساتھ فیسٹول میں کتب میلے کا اہتمام بھی کیا گیا ہے ،جبکہ فیسٹول میں بچوں کی دلچسپی کے پپٹ شو خاص اہمیت اختیار کرتا نظر آیا، کراچی لٹریچر فیسٹول لکھنے پڑھنے والے افراد کا ایک بہترین اجتماع ہے جہاں پڑھنے کے شوقین افراد لکھنے والوں سے دوبدو مکالمہ بھی کر رہے ہیں اور تحریروں سے متعلق ایک قاری کی رائے بھی کھل کر سامنے آرہی ہے، علم و ادب و ثقافت کی یہ محفلیں 12 فروری کو بھی جاری رہیں گی۔