Time 17 جنوری ، 2021
پاکستان

لاہور میں چھٹی کے دن بھی صفائی جاری

لاہور میں چھٹی کے روز بھی صفائی آپریشن جاری ہے جس کے باعث شہر میں صفائی کی صورتحال پہلے کی نسبت بہتر رہی تاہم چند ایک علاقوں میں کوڑا جمع ہے۔

شہر میں لاہور ویسٹ منیجمنٹ کا عملہ کچرا اٹھانے میں لگا ہوا ہے اور تین شفٹوں میں کچرا اٹھایا جارہا ہے۔ 

اتوار کی چھٹی کے باوجود ورکرز مختلف علاقوں میں صفائی آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ ترجمان کا کہنا ہے کہ اب تک 31 ہزار ٹن کوڑا اٹھایاجاچکا ہے، شہر کو جلد ہی زیرو ویسٹ کردیں گے۔

لاہور میں مصری شاہ، شاد باغ، چائنہ اسکیم، سلامت پورہ ،کوآپ اسٹور، بانساں والا بازار، عزیز بھٹی ٹاؤن، شاہدرہ اور ملحقہ علاقوں کے مکین تاحال صفائی کے عملے کے منتظر ہیں۔

صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کا کہنا ہے کہ لاہور سے کوڑے کا 25 ہزار ٹن بیک لاگ اٹھایا گیا، صفائی آپریشن جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھاکہ سابق نام نہاد خادم اعلیٰ کی شعبدہ بازیوں سے پنجاب مقروض ہوا، صفائی کے نام پر غریبوں کی جیبیں صاف کرنے والے احتساب سے نہیں بچ سکتے۔

دوسری جانب شہر میں سیوریج کا نظام خراب ہونے سے دل محمد روڈ، پاکستان چوک اچھرہ، فیض روڈ اور اکبری منڈی میں ڈرین پائپ بچھانے کے باعث سڑکوں پر پڑنے والے گڑھے اور ابلتے گٹر شہریوں کیلئے مزید پریشانی پیدا کر رہے ہیں لیکن واسا اور ضلعی انتظامیہ نے چپ سادھ رکھی ہے۔

اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ گندے پانی نے کیچڑ کا روپ دھار لیا ہے، واسا اور ضلعی انتظامیہ سیوریج کا نظام ٹھیک کرنے کی کوشش کرے۔

مزید خبریں :