03 فروری ، 2021
وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ یونائیٹڈ نیشن ایجوکیشنل، سائنٹفک اینڈ کلچرل آرگنائزیشن (یونیسکو) کے لاہور کو ’شہر ادب‘ قرار دینے کے فیصلے نے پنجاب اور پاکستانی عوام کے دل جیت لیے ہیں۔
ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا لاہور سٹی آف لٹریچرکے عنوان سے ہونے والی تقریب میں شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں فردوس عاشق کا کہنا تھاکہ لاہور ہر زاویے سے کمال کا شہر ہے، اس کے تاریخی مقامات دنیا بھر کے لوگوں کیلئے پُرکشش ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ یونیسکو کے لاہور کو ’شہر ادب‘ قرار دینے کے فیصلے نے پنجاب اور پاکستانی عوام کے دل جیت لیے ہیں، لاہور کا دنیا کا ادبی شہر قرار پانا قابل فخر ہے، یونیسکو کے اس اقدام سے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص اجاگرہوا۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ادبی تصنیفات کا دنیا کی مختلف زبانوں میں ترجمہ کر کے لاہور کو دنیا کے ساتھ جوڑیں گے، لاہور صدیوں سے تہذیب و ثقافت کا گہوارہ رہا ہے یہاں سے اٹھنے والی تحریکوں میں ادبی شخصیات کا اہم کردار رہا۔
معاون خصوصی کا کہنا تھاکہ لاہور میں 46 کلومیٹر طویل جھیل بنا رہے ہیں،جس سے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔