04 فروری ، 2021
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے امپورٹ ایکسپورٹ کی آڑ میں حوالہ اور ہنڈی کا کاروبار کرنے و الے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے اسٹیٹ بنک سراج پنھور کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا میں اطلاع پر ٹارگٹڈ کارروائی کی گئی جس میں ایک شہری کو گرفتار کرکے شواہد ضبط کیے گئے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم اپنی چینی اہلیہ کے نام پر پاکستان سے امپورٹ ایکسپورٹ کی آڑ میں حوالہ اور ہنڈی کا دھندہ کررہا تھا، ملزم پاکستان سے بیرون ملک اور بیرون ملک سے پاکستان حوالہ اور ہنڈی کر رہا تھا، اب تک ملزم کے موبائل اور لیپ ٹاپ سے تقریبا ساڑھے چار کروڑ روپے کی ٹرانزیکشنز ملی ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم اسلام آباد اور کراچی میں دونوں جگہ حوالہ اور ہنڈی کر رہا تھا، اسلام آباد اور کراچی میں جو افراد رقم بھجوا اور وصول کر رہے تھےان کا بھی پتا لگا لیا گیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کے مطابق اس دھندے میں دیگر چائینیز اور پاکستانی شہری بھی ملوث ہیں جن کی گرفتاری کےلیے کوششیں جاری ہیں۔