05 فروری ، 2021
کراچی میں چھینے گئے موبائل فونز کا بازار لیاقت آباد میں لگنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ترجمان کراچی پولیس کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں انکشاف ہوا ہے کہ لیاقت آباد 10 نمبر میں چھینے گئے موبائل فونز کا بازار لگتا ہے، یہ انکشاف اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے ہاتھوں گرفتار دو عادی اسٹریٹ کرمنلز نے کیا ہے۔
حکام کے مطابق دونوں اسٹریٹ کرمنلز کو ایس آئی یو نے پی آئی بی کالونی سے گرفتار کیا اور دونوں ملزمان سے غیر قانونی اسلحہ اور موٹرسائیکل ملی ہے۔
حکام نے بتایا کہ دونوں عادی ملزمان ہیں اور کئی مقدمات میں نہ صرف ملوث ہیں بلکہ اس سے پہلے بھی گرفتار ہوچکے ہیں۔
حکام نے مزید بتایا کہ ملزمان چھینے گئے طلائی زیورات پی آئی بی کالونی میں ہی فروخت کرتے تھے۔