07 فروری ، 2021
بالی وڈ کے نامور اداکار سیف علی خان چوتھی مرتبہ والد بننے جا رہے ہیں اور اس بار بھی وہ ہمیشہ کی طرح اپنے نوزائیدہ بچے کے ساتھ وقت گزارنے کے لیے رخصت (paternity leave) پر چلے گئے ہیں۔
ایک انٹرویو کے دوران دوران زچگی رخصت کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے سیف علی خان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے پہلے بچے (اداکارہ سارہ علی خان) کی پیدائش سے ایسا کر رہے ہیں، اداکار نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ زچگی رخصت کا حق ہر ایک شخص کو حاصل ہونا چاہیے۔
سیف علی خان کے مطابق جب آپ کے گھر میں بچے کی پیدائش ہو توکون شخص کام کرنا چاہےگا، اگر آپ اپنے بچے کو بڑھتے ہوئے نہیں دیکھ رہے تو آپ غلطی کر رہے ہیں اور میں کام سے چھٹی لے سکتا ہوں کیونکہ میں مراعات یافتہ مقام پر ہوں۔
سیف علی خان کے مطابق ،9 سے 5 کے معمولات پر عمل کرنے کے بجائے میں ایک اداکار کی طرح زندگی گزارتا ہوں۔
دوسری جانب بالی وڈ بیبو کرینہ کپور کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سیف علی خان کی میگزین کا سرورق بنی ایک تصویر شیئر کی گئی جس کے کیپشن میں اداکارہ نے سیف علی خان کو سب سے بہترین شوہر قرار دیا۔
واضح رہے کہ سیف علی خان کی کرینہ کپور سے دوسری شادی ہے اور بالی وڈ کی مقبول جوڑی کے ہاں رواں ماہ دوسرے بچے کی آمد متوقع ہے جبکہ سیف کی پہلی اہلیہ امریتا سنگھ سے بھی دو بچے (اداکارہ سارہ خان اور ابراہیم علی خان) ہیں۔