11 فروری ، 2021
کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن سے گرفتار غیر ملکی دہشتگردوں سے تفتیش کے لیے جے آئی ٹی قائم کردی گئی ہے جس کی سربراہی ایس ایس پی سی ٹی ڈی عارف عزیز کریں گے جب کہ حساس ادارے، اسپیشل برانچ، رینجرز اور پولیس حکام بھی اس میں شامل ہوں گے۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ ابتدائی تفتیش میں دہشتگردوں کی جانب سے اہم اور سنسنی خیز انکشافات کیے گئے ہیں، اس سلسلے میں وفاقی حکومت کی جانب سے بھی غیر ملکی دہشتگردوں کی گرفتاری پر پریس کانفرنس متوقع ہے۔
جے آئی ٹی کا نوٹی فیکیشن جاری ہو گیا ہے جو جیو نیوز کو موصول ہو گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق آئی جی سندھ کی درخواست پر جے آئی ٹی بنائی گئی ہے، جے آئی ٹی ایس ایس پی سی ٹی ڈی عارف عزیز کی سربراہی میں قائم کی گئی ہے جب کہ دیگر اراکین میں آئی ایس آئی، آئی بی، رینجرز، اسپیشل برانچ اور پولیس کے افسران شامل ہیں۔
اعلامیے کے مطابق جے آئی ٹی اپنی معاونت کے لیے کسی بھی ایجنسی سے مدد لے سکتی ہے اور مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو مکمل تحقیقات کے بعد تیس دن کے اندر رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ ابتدائی تحقیقات میں دہشتگردوں نے انتہائی اہم انکشافات کیے ہیں اور جے آئی ٹی ان انکشافات کا جائزہ لینے سمیت ٹھوس تفتیش کرے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے بھی اس معاملے پر جلد پریس کانفرنس کا امکان ہے۔