14 فروری ، 2021
کراچی میں فرسٹ ایئر کی طالبہ کا مبینہ اغوا اور اجتماعی زیادتی کیس میں مزید 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس کے بعد گرفتار ملزمان کی تعداد 4 ہو گئی ہے ۔
تفتیشی حکام کے مطابق لڑکی اور چاروں ملزمان کے ڈی این اے سیمپلز لے لیے گئے ہیں جو کہ آج لیب بھیجے جائیں گے، ڈی این اے کی رپورٹ آنے کے بعد ہی زیادتی سے متعلق واضح ہو گا۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ تمام ملزمان کے موبائل فونز تحویل میں لے لیے گئے ہیں اور متاثرہ لڑکی کا موبائل فون بھی پولیس کے پاس ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہےکہ لڑکی کے موبائل فون سے تمام ڈیٹا ڈیلیٹ کر کے انہیں دیا گیا ہے، ڈی این اے، سی سی ٹی وی اور موبائل فونز کے فارنزک کے بعد ہی کیس میں پیش رفت ہو سکے گی۔
واضح رہے کہ جمعے کے روز گلشن حدید سے کالج جاتے ہوئے فرسٹ ایئر کی طالبہ کو اغوا کے بعد اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، ملزمان اغوا کے بعد لڑکی کو ڈیفنس کے علاقے میں پھینک کر فرار ہو گئے تھے۔