17 فروری ، 2021
کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں نوجوان لڑکے اور لڑکی کے قتل کی تحقیقات میں سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے اور اب تک کی تحقیقات میں دہرے قتل کی وجہ سامنے آگئی۔
تحقیقاتی حکام کے مطابق ہجرت کالونی کے رہائشی لڑکے اور لڑکی کا قتل طے شدہ منصوبہ نہیں تھا بلکہ یہ دہرا قتل اچانک ہونے والی لڑائی کے بعد کیا گیا اور قاتل گاڑی میں ہی موجود تھا۔
تحقیقاتی حکام نے بتایاکہ مقتول لڑکی رفع حاجت کرنے کیلئے ایک سنسان جگہ پر رکی، وہیں وہ فور وہیل گاڑی بھی کھڑی تھی جس میں ملزم اسلحے سمیت بیٹھا تھا لیکن اندھیرے کے باعث لڑکی کو نظر نہیں آیا، وہ جب فارغ ہوئی تو پتہ چلا کہ گاڑی میں کوئی موجود ہے جس پر لڑکی نے شور مچایا تو لڑکے اور گاڑی میں بیٹھے ملزم کے درمیان پہلے تلخ کلامی اور پھر لڑائی ہوگئی۔
حکام کے مطابق جھگڑے کے بعد گاڑی میں بیٹھے ملزم نے دونوں کو فائرنگ کرکے قتل کیااور پھر مائی کولاچی کی جانب فرار ہو گیا۔
تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ ایک عینی شاہد نے پولیس کو جھگڑے اور پورے قصے کی تصدیق کردی ہے۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی فوٹیج میں واردات سے قبل یہ گاڑی مائی کولاچی کی جانب سے بوٹ بیسن آتی ہوئی بھی دکھائی دیتی ہے تاہم تاحال نہ ہی ملزم کی شناخت ہوپائی ہے نہ ہی اس کو گرفتار کیا جاسکا ہے۔
خیال رہے کہ یکم فروری کو کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں فائرنگ سے موٹرسائیکل پر سوار خاتون اور مرد جاں بحق ہو گئے تھے جن کی شناخت عدنان اور عینی کے ناموں سے ہوئی تھی۔