19 فروری ، 2021
کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں چوری کی واردات ایک شخص کی جان لے گئی جبکہ جرم کی کوشش میں مددکرنے والا دوسرا ملزم ناکامی پر اس کو مردہ حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گیا۔
ذرائع کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں اقبال مارکیٹ نالے کے اندر دو افراد سریا چوری کیلئے نالے کے اندر گھسے، دونوں نے نالے کے اندر ہتھوڑے سے سریے نکالنے کی کوشش کی، اس دوران نالے کی چھت دونوں پر گر گئی، جس سے ایک شخص دب گیا۔
ایدھی ایمبولینس کو قریب موجود شخص نے نالے میں کسی کے ہونے کی اطلاع دی جب ایدھی رضاکار اندر گئے تو ملبے تلے دبے شخص کو مردہ حالت میں باہرنکالا۔
عینی شاہدین کے مطابق ہلاک شخص کے ساتھ ایک اور شخص بھی موجود تھا تاہم واردات میں ناکامی اور نالے کی چھت گرجانے کے باعث وہ اپنے ساتھی کو مردہ حالت میں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔
ہلاک ہونے والا شخص قریب کا ہی رہائشی تھااور اہلخانہ نے پولیس کارروائی سے انکار کردیا۔