یش راج مکھاٹے کا ’رسوڑے میں کون تھا‘ سے ’پارری ہورہی ہے‘ تک کا سفر

گزشتہ برس یش راج کی پہلی ویڈیو لاک ڈاؤن کے دوران وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے بھارتی ڈرامے کے ڈائیلاگ پر اپنی موسیقی کا تڑکا لگایا تھا— فوٹو: فائل

بھارتی ڈرامے کے ڈائیلاگ ’رسوڑے میں کون تھا‘ کو موسیقی کا تڑکا لگاکر راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے موسیقار یش راج مکھاٹے نے اپنی کہانی بیان کی ہے۔

گزشتہ برس یش راج کی پہلی ویڈیو لاک ڈاؤن کے دوران وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے بھارتی ڈرامے کے ڈائیلاگ پر اپنی موسیقی کا تڑکا لگایا تھا۔

یہ ویڈیو اتنی مقبول ہوئی کہ معروف بالی وڈ شخصیات نے بھی اس پر اپنی ویڈیوز سوشل میڈیا پر پوسٹ کیں۔

اس کے بعد یش راج کی دوسری ہِٹ ویڈیو بگ باس گرل شہناز گِل کے ڈائیلاگ ’تواڈا کتا کتا ساڈا کتا ٹومی‘ پر بننے والے ری مکس گانے کی تھی۔ اس ویڈیو نے بھی خاصی شہرت حاصل کی۔

حال ہی میں پاکستانی لڑکی نے ’پارری ہورہی‘ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جاری کی جو پاکستان اور بھارت میں یکساں طور پر مقبول ہوئی۔ متعدد پاکستانی و بھارتی فلمی شخصیات نے اس ڈائیلاگ پر اپنے طور پر ویڈیوز بنائیں۔

یش راج نے بھی یہ موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیا اور اس پر بھی اپنی میوزک ویڈیو جاری کردی جسے مداحوں نے پسند کیا۔

ایک ویڈیو سے راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے یش راج کا کہنا ہے کہ ان کے والدین سوشل میڈیا پر نہیں ہیں اور وہ سوچتے رہتے تھے کہ ان کا بیٹا سارا دن کمپیوٹر اور موبائل پر کیا کرتا رہتا ہے اور ان کے پاس ایسا کچھ نہیں تھا جو وہ اپنے والدین کو دکھا کر بتاسکتے کہ وہ یہ کام کرتے ہیں۔

یش راج کے مطابق ایک دن کورونا لاک ڈاؤن کے دوران انہوں نے کوکیلا بین کا’رسوڑے میں کون تھا‘ ڈائیلاک سنا اور اس ڈائیلاگ پر اپنا میوزک ڈال کر ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی اور فون بند کرکے دوسرا کام کرنے لگے۔

یش نے بتایا کہ شام میں جب انہوں نے موبائل آن کیا تو ان کا فون مسلسل بجنے لگا۔ اتنے نوٹیفکیشنز اور ڈائریکٹ میسجز آرہے تھے کہ وہ گھبرا گئے۔ بالی وڈ ڈائریکٹر انوراگ کشیاپ نے انہیں پرسنل میسج کرکے کہا ’گُڈ ورک‘، متعدد معروف شخصیات نے ان کی ویڈیو کو اپنے اکاؤنٹ سے شیئر کیا اور یہ ان کا پہلا کام تھا جو یش کے والدین نے دیکھا۔

یش نے بتایا کہ اس کے بعد انٹرویوز کا نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہوگیا اور ان کی دنیا ہی بدل گئی، سوشل میڈیا پر ان کے فالوورز کی تعداد 10 ہزار سے مسلسل بڑھنے لگی اور 20 لاکھ تک پہنچ گئی۔

مزید خبریں :