26 فروری ، 2021
لاہور کے علاقے کاہنہ میں معمولی جھگڑے پر پولیس نے گھر میں گھس کر خواتین اور بچوں کے ساتھ ناروا سلوک کیا۔
پولیس اہلکاروں کی گھر میں گھس کر خواتین اور بچوں کے ساتھ ناروا سلوک کے واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔
لاہور کے تھانہ کاہنہ میں ایک مقدمہ سب انسپکٹر محبوب حسین کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں الزام عائد کیا گیا کہ 23 فروری کو 15 کی کال پر ایک گھر میں لڑائی جھگڑے کی اطلاع پر پولیس پہنچی۔
مقدے کے مطابق چار بھائیوں سمیت 11 افراد نے ڈنڈوں سے پولیس اہلکاروں پر تشدد کیا، نقدی اور دیگر سامان بھی چھین لیا، مقدمہ درج کرنے کے بعد پولیس نے 5 افراد کو پکڑ لیا۔
دوسری جانب پولیس کے رویے کے خلاف مقامی افراد نے احتجاج کیا اور ان کا کہنا تھا کہ گھر کے سامنے گاڑی کھڑی کرنے پر پولیس کے ساتھ جھگڑا ہوا۔
مقامی افراد کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے 4 بھائیوں رفاقت، ارشد، ارحم اور رمضان سمیت پانچ افراد کو مارا پیٹا، ان کے خلاف مقدمہ درج کیا اور انہیں پکڑ کر لے گئی، عدالتی بیلف پر چار بھائی بازیاب ہو گئے جبکہ ایک شخص تاحال نہیں مل سکا۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے پولیس پر تشدد کی سی سی ٹی وی جاری نہیں کی، مقدمے کے بعد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے کی ویڈیو جاری کر دی تاہم واقعہ کی انکوائری جاری ہے اور جلد حقائق سامنے آ جائیں گے۔