نئے فیچر کی آزمائش کے دوران انسٹاگرام ایپ میں خرابی سامنے آگئی

فوٹو: فائل 

فیس بک کی زیر ملکیت ایپ انسٹاگرام وقت کے ساتھ ساتھ ایپ میں نئے فیچرز کی آزمائش کرتی آ رہی ہےاور کسی بھی فیچر کو دنیا بھر میں لانچ کرنے سے قبل اس کی آزمائش محدود صارفین پر ہی کی جاتی ہے۔

حال ہی میں انسٹاگرام ایپ اپنے ایک نئے فیچر کی آزمائش ہی کر رہی تھی جس دوران ایپ میں خرابی دیکھنے میں آگئی اور یہ آزمائش محدود صارفین کے بجائے بے شمار صارفین کے اکاؤنٹس میں ہونا شروع ہو گئی۔

انسٹاگرام ایپ کی پوسٹوں پر لائیکس کی تعداد چھپانے کی آزمائش کر رہی تھی اور اس دوران خرابی کی وجہ سے متعدد صارفین کی پوسٹوں پر لائیکس کی تعداد چھپ گئی۔

بعد ازاں کمپنی کی جانب سے بیان جاری کیا گیا کہ ایسا غیر ارادی طور پر ہوا ہے جسے ہم جلد ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور جلد از جلد صارفین کو ان کی پوسٹوں کے لائیکس واپس نظر آنا شروع ہو جائیں گے۔

خیال رہے کہ انسٹاگرام نے سال 2019 سے لائیکس کو پوشیدہ رکھنے کے فیچر کی آزمائش کا آغاز کیا تھا۔

کمپنی کا کہنا تھا کہ لائیکس کی تعداد کو پوشیدہ کرنے کا مقصد یہ ہے کہ انسٹاگرام پر آپ کے فالورز کی نظر اس بات پر زیادہ ہو کہ آپ نے کیا شیئر کیا ہے، نہ کہ اس بات پر کی آپ کی پوسٹ پر کتنے لائیکس آرہے ہیں۔

کمپنی نے واضح کیا تھا کہ اس تبدیلی کا بنیادی مقصد صارفین کو اس دباؤ سے نکالنا ہے کہ ان کی پوسٹ پر کتنے لائیکس ہیں جب کہ لائیکس کی تعداد کو بنیاد بناکر ایک دوسرے سے موازنہ کرنے کی وجہ سے بھی یہ تجربہ کیاجارہا ہے۔

مزید خبریں :